ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کشمیر میں کرفیو کا سلسلہ ہنوز جاری، ہلاک شدہ گان کی تعداد 42تک پہنچی

کشمیر میں کرفیو کا سلسلہ ہنوز جاری، ہلاک شدہ گان کی تعداد 42تک پہنچی

Tue, 19 Jul 2016 18:21:03    S.O. News Service

سری نگر ، 19؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )جنوبی کشمیر میں سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان ہوئی جھڑپوں میں زخمی ایک خاتون کے اسپتا ل میں دم توڑدینے کے ساتھ ہی وادی میں جاری تشدد کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 42ہو گئی ہے۔وادی میں کرفیو آج بھی جاری ہے ۔قاضی گنڈ میں کل فوج کی ایک گاڑی پر مظاہرین کے پتھراؤ کی وجہ سے سیکورٹی فورسز کی طرف سے جوابی فائرنگ میں نیلوفر نامی ایک خاتون زخمی ہو گئی تھی۔اس واقعہ میں ایک خاتون سمیت 2 دیگر افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ 7 دیگر زخمی ہوئے تھے۔پولیس کے ایک ترجمان نے کہا کہ فوج کا ایک گشتی دستہ دیوسر کی طرف جا رہا تھا، تبھی چوراہٹ قاضی گنڈ میں کچھ لوگوں کی طرف سے سڑک پر لگائی گئی رکاوٹوں کو اس نے ہٹانے کی کوشش کی۔انہوں نے کہاکہ رکاوٹوں کو ہٹا رہے سیکورٹی دستہ پر شرپسند عناصر نے دو جانب سے پتھراؤ کیا۔فوج کے دستہ نے بھیڑ کو دور رہنے کے لیے کہا، لیکن بھیڑ نہیں مانا ۔ترجمان نے دعوی کیا کہ کچھ شرپسند عناصر نے فوجی اہلکاروں کے ہتھیار چھیننے اور ان کی گاڑی جلانے کی کوشش کی۔بار بار انتباہ کے بعد بھی بھیڑ وہاں سے منتشر نہیں ہوئی اور فوج نے وہاں سے نکلنے کے لیے اپنے دفاع میں فائرنگ کردیا ۔ترجمان نے کہا کہ اس واقعہ میں 6 افراد زخمی ہو گئے اور ان میں سے دو نے کل رات دم توڑ دیا۔مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان پرتشدد جھڑپوں کے بند ہونے کا کوئی اشارہ نہ ملنے پر وادی کے 10اضلاع میں کرفیو بدستور جاری ہے ۔یہ جھڑپیں 8 ؍جولائی کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں موت کے بعد شروع ہوئی تھیں۔افسر نے کہا کہ وادی میں حکم امتناعی سختی سے لاگو کرنے کے لیے بڑی تعداد میں پولیس اورنیم فوجی دستوں کے جوان تعینات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی میں کہیں اور سے ابھی تک تازہ تشدد کی کوئی خبر نہیں ہے۔علیحدگی پسندرہنما ؤں ،سید علی شاہ گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کل ایک مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ وادی میں بند 22؍جولائی تک جاری رہے گا، تاہم 21؍جولائی کو دوپہر دو بجے کے بعد سے انہوں نے آدھے دن کی نرمی کا اعلان کیا ہے۔موبائل اور انٹرنیٹ خدمات بھی ٹھپ ہیں اور اخبارات مسلسل چوتھے دن بھی شائع نہیں ہوپائے۔


Share: